عوام کی بلاامتیاز خدمت مسلم لیگ ن کا نصب العین ہے: احسان الدین قریشی

17 جون 2015

ملتان( سپیشل رپورٹر ) سابق صوبائی وزیر و رکن صوبائی اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی نے کہا ہے حکومت پنجاب نے عملی طور پر کام کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ہم عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتے ہیں وہ گذشتہ روز پی پی 197کے علاقے محلہ شاہ رسال میں پختہ کی گئی گلیوں کے افتتاح کے موقع پرتقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کی ناگفتہ بہہ سیاسی صورتحال کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھا ہے اور اسی عزم سے ہم آنے والے وقت میں بھی عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب جبکہ بلدیاتی الیکشن سر پر ہیں عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے علاقے کی سرکردہ شخصیات پر نظر رکھیں اور موازنہ کریں کہ کون خدمت کی سیاست کر رہا ہے اور کون انہیں گمراہ کرنے میں مصروف ہے۔ تقریب سے قسور بھٹی، زاہدبشیر قریشی ،شاہدیاور،خواجہ عمرصدیقی نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں حاجی احسان الدین قریشی نے گلی شاہ رسال سمیت علاقے میں پختی کی گئی متعدد گلیوں کا افتتاح بھی کیا ۔