شاہ عالم مارکیٹ کے نجی بنک میں 26 لاکرز کاٹ کر کروڑوں کا مال لوٹنے والے گارڈ اور ساتھیوں کیخلاف مقدمہ

17 جون 2015

لاہور (نامہ نگار) رنگ محل پولیس نے نجی بینک کے 26لاکرز توڑ کر کروڑوں کا مال لے جانے والے سکیورٹی گارڈ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ بتایا جاتاہے کہ دو روز قبل شاہ عالم مارکیٹ کے ایک نجی بینک کا سکیورٹی گارڈ سید میر اکبر نے اپنے ساتھیوں سے ملکر بینک کے 26لاکرز توڑے اور ان میں رکھے اکائونٹ ہولڈرز کے کروڑوں روپے کے زیورات نقدی وغیرہ لوٹ کر فرار ہوگیا۔ چوکیدار نے گیس سلنڈر سے بینک کے تمام لاکرز کو کاٹا۔ بینک میں 50 سے زائد لاکرز تھے جن میں سے 26زیر استعمال تھے جبکہ 13لاکرز خالی پڑے تھے ۔ بینک منیجر حبیب الرحمن کی مدعیت میں تھانہ رنگ محل میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بینک انتظامیہ نے مقدمہ میں چوری ہونے والے زیورات اور نقدی کی مالیت کا ذکر نہیں کیا۔ گزشتہ روز بینک میں حساس ادارے کے افسروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔