وجیہہ الدین کے فیصلے پر عملدرآمد کرنا عمران کا امتحان ہے: پرویز رشید

17 جون 2015
وجیہہ الدین کے فیصلے پر عملدرآمد کرنا عمران کا امتحان ہے: پرویز رشید

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا عمران خان کا امتحان ہے، عمران خان نے ٹربیونل کی رپورٹ کا صرف وہ حصہ مانا جہاں انہیں فائدہ نظر آیا، میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو تھو‘ تحریک انصاف والے سوشل میڈیا پر ہوا میں گولے چلاتے ہیں، ان کے گولے مسلم لیگ (ن) تک نہیں پہنچتے۔ وہ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو اور قبل ازیں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اظہار آزادی رائے ہر کسی کا حق ہے استحصال انگیز تقاریر اور منافرت پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ معاشرے میں برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ وجیہہ الدین کے فیصلے پر عمل درآمد کرنا عمران خان کا امتحان ہے۔ عمران خان اپنے ہی بنائے ہوئے ٹربیونل کے فیصلے کو نہیں مان رہے۔ عمران خان نے ٹربیونل کی رپورٹ کا صرف وہ حصہ مانا جس میں انہیں فائدہ نظر آیا۔ عمران خان کے فیصلے سے پارٹی پر آمریت نظر آتی ہے۔ ان کا امتحان ہے کہ اپنی بنائی ہوئی عدلیہ کا کتنا احترام کرتے ہیں۔ عمران خان نے پارٹی انتخابات کو اس لئے کالعدم قرار دیا کہ ان کی آمریت قائم رہے وہ آدھا فیصلہ قبول کرتے ہیں آدھے سے انکار کر دیتے ہیں۔ عمران خان میٹھے میٹھے کو ہپ ہپ اور کڑوے کڑوے کو تھو تھو کرتے ہیں۔