اے ٹی ایمز کی کارکردگی بہتر نہ ہو سکی، صارفین کو بدستور مشکلات کا سامنا

17 جون 2015

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں بینکوں کے عملے کی غفلت، تکنیکی خرابی اور لنک ڈائون ہونے کے باعث اے ٹی ایمز سے لوگوں کو کیش کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، متعدد بینکوں کے کھاتہ داروں نے رابطہ کر کے بتایا کہ جب بھی انہیں کیش کی ضرورت پڑتی ہے تو ان کے بنک کی اے ٹی ایم خراب ہوتی ہے یا بنک کا عملہ اس میں کیش نہیں ڈالتا یا پھر لنک ڈائون ہوتا ہے جس کے باعث ان کو رقم کے حصول کے لئے دربدر پھرنا پڑتا ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر نصب اے ٹی ایم کو چیک کرنے کے بعد بمشکل کسی اے ٹی ایم سے رقم ملتی ہے، انہوں نے سٹیٹ بنک سے مطالبہ کیا کہ وہ اے ٹی ایم کی خرابی، رقم موجود نہ ہونے اور لنک ڈائون ہونے کا نوٹس لے اور جن بنکوں نے جان بوجھ کر اپنی اے ٹی ایم خراب رکھی ہیں اور جن بنکوں کا عملہ بروقت اے ٹی ایم میں رقم نہیں ڈالتا ان کو سٹیٹ بنک بھاری جرمانے کرے اس کے علاوہ خراب اے ٹی ایم کو ٹھیک کرنے کے لئے وقت مقرر کرے جس کے مطابق اے ٹی ایم مشین خراب ہونے والے دن کے بعد اگلے دن ہر حال میں ٹھیک کی جائے۔