عالمی منڈی میں پاکستان کے حصے پر بنگلہ دیش جیسے ملک غلبہ پا رہے ہیں: سیمینار

17 جون 2015

لاہور (کامرس رپورٹر) تجارتی تنازعات نمٹانے کے بہترین نظام سے نہ صرف پاکستانی تاجروں کا قیمتی وقت اور سرمایہ بچ سکتا ہے بلکہ ان کے بیرونی تجارتی تعلقات بھی مستحکم ہونگے، عالمی منڈی میں پاکستان کے حصے پر بنگلہ دیش جیسے ممالک غلبہ پارہے ہیں لہذا ہمیں صورتحال پر قابو پانے کے لیے مختلف نوعیت کی حکمت عملی وضع کرنا ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے لاہور چیمبر میں تجارتی تنازعات نمٹانے کے لیے طریقہ کار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا اہتمام ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن آگنائزیشن اور لاہور چیمبر نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ سمیڈا کے سابق چیئرمین خواجہ بلال احمد، ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن آرگنائزیشن روبینہ توفیق شاہ، قانونی مشیر یاسر مغل، ثالثی کمیٹی کے رکن رحمن عزیز چن اور سابق صدر سہیل لاشاری نے خطاب کیا جبکہ سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ اور ایگزیکٹو کمیٹی ارکان بھی سیمینار میں موجود تھے۔