موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں 300 ڈرائیورز کی گریجویشن تقریب

17 جون 2015

لاہور(نامہ نگار) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے اشتراک سے تربیت حاصل کرنے والے 3سو ڈرائیورز کی گریجوایشن تقریب مو ٹرو ے پولیس ٹریننگ کالج میں ہوئی۔ مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس محمد سلیم بھٹی تھے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی این فائیو سنٹرل مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی اشرف زبیر صدیقی، ایس ایس پی اطہر وحید ،کے علاوہ پی ایس ڈی ایف ،ٹیوٹا اور دیگر ملٹی نیشنل آرگنائزیشنز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔آئی جی سلیم بھٹی نے کہا کہ موٹروے پولیس اور حکومت پنجاب کے ادارے پی ایس ڈی ایف کے اشتراک سے جو ٹریننگ مہیا کی گئی ہے اس سے نہ صرف ڈرائیورز کو پیشہ ورانہ تربیت حاصل ہوئی بلکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھی انکو روزگار کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔