نیو راوی پل کی اہمیت اور ٹریفک جام کی پریشانی

17 جون 2015
نیو راوی پل کی اہمیت اور ٹریفک جام کی پریشانی

مکرمی! ہم سب جانتے ہیں کہ نیو راوی پل جو کہ ضلع لاہور کو جو کہ صوبہ پنجاب کا دارالخلافہ ہے دوسرے اضلاع کے شہروں سے جوڑتا ہے اور لاہور جو کہ داتا گنج بخش ؒ جیسی ہستی کا شہر ہے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ آپ صوبہ پنجاب کے پیارے لوگوں کے خیر خواہ ہیں اور ہمدرد بھی ہیں۔ ان کے مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ جناب اپنی عوام کی مشکل حل کرنے میں ایک اور قدم اٹھائیں وہ اس طرح کہ اگر DIG پنجاب پولیس ڈاکٹر حیدر اشرف صاحب SP آپریشن آصف صدیق صاحب SP سٹی ٹریفک لاہور اگر یہ دونوں شخصیات میدان میں آئیں تو راوی کا پل جو کہ بڑی اہمیت کا حامل ہے بالکل صاف ہو جائے گا اور عوام جو کہ ٹریفک کے رش کی وجہ پل پر پھنس جاتے ہیں ان کو بھی سکھ کا سانس مل جائے گا اور اس مشکل سے نجات دلانے پر پورا پنجاب آپ کو خراج تحسین پیش کرے گا۔ جناب رش کو ختم کرنے کیلئے سب سے پہلے تو راوی ٹول پلازہ کو ختم کیا جائے اور وہاں پر موجود پولیس ناکہ کو قصور پورہ لاہور کے قریب منتقل کر دیا جائے۔ دوسرے نمبر پر صدقہ کے گوشت بیچنے والوں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے اور آخر میں راوی پل سے گدھا گاڑی کو بھی ختم کیا جائے۔ پھر دیکھئے گا کہ رش کا نام و نشان نہ ہوگا اور کیپٹن (ر) محمد عثمان صاحب جو کہ DCO لاہور ہیں ان کی ذمہ داری لگائی جائے کہ راوی پل کی سڑک جو کہ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اس کو نئے سرے سے تعمیر کیا جائے یا پھر اس طرح مرمت کی جائے کہ بالکل نئی ہو جائے۔ (راجہ اسحاق مسیح سابقہ ممبر ضلع کونسل شیخوپورہ)