واپڈا نے 15دن میں نیشنل گرڈ سٹیشن کو ایک ارب 91کروڑ 78لاکھ یونٹس پن بجلی فراہم کی

17 جون 2015

لاہور(نیوزرپورٹر) واپڈا نے یکم سے 15 جون کے دوران نیشنل گرڈ کو ایک ارب 91 کروڑ 78 لاکھ 30 ہزار یونٹ پن بجلی فراہم کی۔ واپڈا کی جانب سے نیشنل گرڈ کو مہیا کی جانے والی پن بجلی کی یہ مقدار گذشتہ سال کے اسی دورانیہ کے مقابلے میں 30 کروڑ یونٹ زیادہ ہے۔گذشتہ سال کے اسی دورانیہ میں نیشنل گرڈ کو ایک ارب 61کروڑ 74 لاکھ 46 ہزار یونٹ پن بجلی فراہم کی گئی تھی۔رواں سال یکم سے 15 جون میں پیک آورز کے دوران پن بجلی کا زیادہ سے زیادہ شیئر 6 ہزار 80 میگاواٹ رہا جو 7 جون کو ریکارڈ کیا گیا۔پن بجلی کی پیداوار میں یہ اضافہ واپڈا ہائیڈل پاور سٹیشنوں کے مؤثر آپریشن اور دیکھ بھال، آبی ذخائر میں پانی کی اضافی مقدار اور صوبوں کی ڈیمانڈ پر آبپاشی کیلئے ارسا کے ذریعے ڈیموں سے پانی کے زیادہ اخراج کی بدولت ہوا ہے۔رواں ماہ کے پہلے 15 دنوں کے دوران پن بجلی کی پیداوار میں ساڑھے 18 فی صد اضافے سے نہ صرف بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملی ہے بلکہ بجلی کے ٹیرف میں بھی استحکام آیا ہے۔