وارڈنز ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے خوش گپیوں میں مصروف رہتے ہیں:ہائی کورٹ

17 جون 2015
وارڈنز ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے خوش گپیوں میں مصروف رہتے ہیں:ہائی کورٹ

لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے گاڑیوں کی پارکنگ کی اضافی فیس وصول کرنے کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کوحتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شہریوں سے گاڑیوں کی پارکنگ کی اضافی فیس وصول کی جا رہی ہے جو جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔چیف ٹریفک افسر نے عدالت کو بتایا کہ اضافی پارکنگ فیس وصول کرنے والے افراد کے خلاف درخواستوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اشاروں پر کھڑے ٹریفک وارڈن خوش گپیوں میں مصروف ہوتے ہیں،،سڑکوں پر احتجاج کرنے والوں نے ٹریفک نظام کو تباہ کردیا ہے۔فاضل عدالت نے قرار دیا کہ ان کو آگاہ کیا جائے کہ ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے وارڈنز اور سڑکوں پر بیٹھے افراد کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔