سائرہ افضل تارڑ سے ایرانی محکمہ صحت کے وفد کی ملاقات، پاکستان کو ہیلتھ سنٹرز کے قیام، ورکرز کی تربیت کی پیشکش
اسلام آباد(آئی این پی)ایران نے پاکستان کو انسداد پولیو پروگرام کیلئے ویکسین کی فراہمی اور کمیونٹی ہیلتھ ورکرز اور ماہر وبائی امراض کی تربیت کی پیشکش کر دی۔ منگل کو ایرانی صحت حکام کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات کی۔ جس کی قیادت مشیر خاص وزارت صحت ایران ڈاکٹر محسن اسدی نے کی۔ پاک ایران تعاون سے پولیو ویکسین کی تیاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ایرانی وفد نے بیماریوں کی روک تھام اور طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سیستان ‘ بلوچستان سرحد پر بارڈر ہیلتھ سینٹرز کے قیام کی پیشکش کی اور ایران نے پاکستان کو پولیو ویکسین کی تیاری ‘ کمیونٹی ہیلتھ ورکرز اور ماہر وبائی امراض کی تربیت کی بھی پیشکش کی۔