مقبوضہ کشمیر: سوپور میں ٹارگٹ کلنگ بڑھتے واقعات کیخلاف آج مکمل ہڑتال کی جائیگی

17 جون 2015

سرینگر (آن لائن) مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف آج (بدھ کو) عام ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال کی کال حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں، لبریشن فرنٹ اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مشترکہ احتجاجی پروگرام جاری کرتے ہوئے دے رکھی ہے اس موقع پر وادی بھر میں تمام کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک معطل رہے گی۔ لیڈران نے مشترکہ طور پر ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہلاکتوں کا یہ سلسلہ روک نہیں دیا گیا تو مزاحمتی قیادت مشترکہ طور پر سڑکوں پر آ کر ایک زور دار تحریک چلائے گی اور اپنے عوام کے تحفظ کے لئے بھرپور مزاحمت کرے گی۔ سید علی گیلانی نے مفتی محمد سعید کو خفیہ ایجنسیوں کے قتل عام کے منصوبے میں برابر کا شریک گردانتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کے کسی وزیر یا عہدیدار میں ضمیر کی کوئی رمق باقی ہے تو انہیں اپنی روایتی وزارتوں اور مناصب سے مستعفی ہو کر اس زعفرانی ایجنڈے سے اپنے آپ کو الگ کر لینا چاہئے۔ حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ سوپور، اسلام اور تحریک آزادی کشمیر کا قلعہ اور مرکز سمجھا جاتا ہے اور بھارتی ایجنسیوں نے اس مرکز کو ہی اپنا اولین نشانہ بنایا۔بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ نے ارون جیٹلی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا مقبوضہ کشمیر میں تشدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں 25 فیصد کمی ہوئی ہے۔