بینظیر قتل کیس: سیکرٹری داخلہ کی عدم حاضری پر خصوصی عدالت کی برہمی‘ مارک سیگل کا بیان ریکارڈ کرنے سے متعلق رپورٹ آج پیش کرنے کی ہدایت

17 جون 2015

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے سانحہ لیاقت باغ‘ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی عدالت میں عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سیکرٹری داخلہ آج بدھ کو ذاتی طور پر عدالت میں حاضر ہو کر نیویارک میں امریکی صحافی مارک سیگل کی وڈیو لنک کے ذریعے شہادت قلمبند کرنے کے لئے اب تک کئے جانے والے انتظامات کی رپورٹ پیش کریں۔ منگل کو وکیل صفائی ملک محمد رفیق کی ناسازی طبع کی بنا پر استغاثہ کے گواہ ریاض بھٹی پر جرح اور گواہ حسنین کی شہادت قلمبند نہ ہو سکی اور سماعت ملتوی کر دی۔