اقتصادی راہداری سے سرمایہ کاروں کیلئے نئے کاروباری مواقع پیدا ہونگے: چینی سفیر

17 جون 2015

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان میں تعینات چینی سفیر سن ویڈونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کیلئے کئی اقتصادی شعبوں میں نئے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔ چینی سفیر سن ویڈونگ نے چین کی خبر ایجنسی ژنہوا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ اس سال اپریل میں صدرشی چن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران دستخط کئے گئے منصوبوں میں یہ منصوبہ مرکزی اہمیت کا حامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں توانائی کے علاوہ زراعت، مالیاتی شعبے اور صنعتی پارکوں کے قیام سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تعاون شامل ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اہم مقصد پاکستان کی گوادر بندرگاہ اور شمال مغرب میں سنکیانگ کے درمیان تین ہزار کلومیٹر طویل اقتصادی راہداری تعمیر کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت پاکستان میں سڑکوں، ریلوے لائنوں اور پائپ لائنوں کی تعمیر میں تقریبا 15 برس لگیں گے۔