لیہ: ونی کی گئی خاتون کو شوہر نے پھندا دیکر مار ڈالا، ملزم بھائی سمیت گرفتار

17 جون 2015

لیہ(این این آئی) لیہ کے شہر کوٹ سلطان میں ایک شخص نے اپنی بیوی پر بدترین تشدد کیا اور پھر بے ہوشی کی حالت میں درخت سے پھندا دے کر قتل کر دیا تاکہ معاملے کو خودکشی کا رنگ دیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق قتل کی جانے والی خاتون کی شناخت حطاں بی بی کے نام سے کی گئی ہے، جنھیں 3 سال قبل پنچایت کے فیصلے کے نتیجے میں ونی کے طور پر اس کے شوہر عبدالمجید کو دے دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ عبدالمجید کی بہن، حطاں بی بی کے بھائی کے ساتھ فرار ہوگئی تھی، جس کے بعد حطاں کو ونی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔کوٹ سلطان کے علاقے سوہیہ تھل میں عبداللہ نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ہٹاں بی بی اپنے شوہر سے عمر میں 10 سال چھوٹی تھیںٗ عبدالمجید نے یہ شادی محض انتقاماً کی تھی، دونوں کی 2 سال کی ایک بیٹی بھی ہے۔عبدالمجید دوسری شادی کرنا چاہتا تھا لیکن ہٹاں بی بی نے اْسے اس بات کی اجازت نہیں دی جس کے بعد گزشتہ روز عبد المجید نے ہٹاں بی بی کو قتل کر دیا اور پولیس کو بتایا کہ اْس کی بیوی نے خودکشی کرلی ہے۔ تفتیش کے دوران عبدالمجید نے اقرارِجرم بھی کرلیا جس کے بعد پولیس نے عبدالمجید اور اس کے بھائی غلام فرید کے خلاف مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کرلیا۔