سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ کل ہوگا

17 جون 2015

پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، چاند نظر آسکتا ہے: محکمہ موسمیات
اسلام آباد + کراچی + کویت سٹی (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+ عبدالشکور ابی حسن) رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا جس میں چاند دیکھنے کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کریں گے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے 17 جون بدھ کو چاند نظر آنے اور 18 جون جمعرات کو پہلا روزہ ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بدھ کو مطلع صاف ہوگا اسلئے شام 7 بجکر 5 منٹ پر چاند نظر آسکتا ہے۔ علاوہ ازیں عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں بھی چاند نظر نہیں آیا۔ سعودی علماء کونسل کے مطابق پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔ اسکے علاوہ کویت، ملائیشیا، انڈونیشیا، ترکی، مصر، اردن، فلسطین اور جاپان میں بھی جمعرات کو پہلا روزہ ہوگا۔ کویتی ماہر فلکیات کے مطابق بدھ کی شام چاند نمودار ہوگا۔ واضح رہے امریکہ ، یورپ میں مقیم مسلمان بھی سعودی عرب میں اسلامی کیلنڈر کے مطابق رمضان المبارک کا آغاز کرتے ہیں۔