ٹیسٹ سیریز: پاکستان سری لنکا آج مدمقابل ‘ سپنرز کو کھیلنا آسان نہیں ہو گا: مصباح الحق

17 جون 2015
ٹیسٹ سیریز: پاکستان سری لنکا آج مدمقابل ‘ سپنرز کو کھیلنا آسان نہیں ہو گا: مصباح الحق

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان اورسری لنکا کے درمیان تین میچزپرمشتمل سیریزکا پہلا ٹیسٹ آج سے گال میں شروع ہوگا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق بے کہا ہے کہ ہیراتھ ہوم کنڈیشنز میں خطرناک بولر ہیں انکو کھیلنے کیلئے کافی ہوم ورک کیا ہے،کمار سنگاکارا دنیا کے بہترین بلے باز ہیں ان کو قابو کریں گئے،میزبان ٹیم کیلئے ہمارے سپنرز کو کھیلنا آسان نہیں ہو گا۔وہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بیٹسمین سپنرز کیخلاف اپنی تکنیک میں بہتری لائے ہیں، وارم اپ میچ میں بیٹسمینوں کو پریکٹس کا اچھا موقع ملا ،ہماری بیٹنگ کافی تجربہ کار اور مضبوط ہے، سری لنکا کوان کے میدانوں میں زیرکرنے کیلئے ہمیں سکوربورڈ پر بڑے ٹوٹل سجانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بولنگ اورفیلڈنگ کو بہتر بنانے کے لئے کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے،انہوں نے کہا کہ وارم اپ میچ میں ذوالفقاربابر اور یاسر شاہ کی اچھی کارکردگی حوصلہ رہی ہے ، ٹیسٹ سیریز میں سری لنکن بیٹسمین ہمارے سپن اٹیک کو آسانی سے نہیں کھیل سکیں گئے۔مصباح الحق نے کہا کہ رنگنا ہیراتھ سمیت میزبان سپنرز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں ہیراتھ کو کھیلنے کیلئے کافی ہوم ورک کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمار سنگاکارا دنیا کے بہترین بلے باز ہیں ان کو قابو کر نے کیلئے حکمت عملی بنا لی ہے۔انہیں بڑا سکور کر نے نہیں دیں گئے ۔دوسری طرف سری لنکن ٹیم کے کپتان میتھیوز نے کہا کہ پاکستان کو آسان حریف نہیں سمجھتے ، پاکستانی ٹیم کو دنیا کے کسی کونے میں بھی ہرانا اتنا آسان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل کے بغیر بھی پاکستان کی بائولنگ بہت مضبوط ہے ، سری لنکن پریذیڈنٹ الیون کے خلاف ذوالفقار بابر نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا ، سری لنکن بیٹسمینوں کو محتاط انداز میں کھیلنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل مایہ ناز آف سپنر ہیں ان کا ٹیم میں نہ ہونا سری لنکا کیلئے فائدہ مند ہوگا ۔