متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب نے سی سی پی او لاہور کی مداخلت پر احتجاجی دھرنا 3 دن کیلئے موخر کر دیا

17 جون 2015

لاہور (لیڈی رپورٹر) متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب نے سی سی پی او لاہور محمد امین وینس کی مداخلت پر احتجاجی دھرنا 3دن کے لئے موخر کردیا ہے۔ احتجاجی کیمپ میں میانمار کے مسلمانوں سے اظہار ہمدردی کیلئے بینرز بھی لگایا گیا تھا۔دھرنا میںاساتذہ کی شرکت روکنے کیلئے حکومت پنجاب نے ڈینگی ڈے کے حوالہ سے تعلیمی اداروں میںسیمینارز رکھے ہوئے تھے۔ اساتذہ سے اظہار یکجہتی کرنے لئے معروف کالم نگار ڈاکٹر محمد اجمل نیازی احتجاجی کیمپ میںتشریف لائے۔ انہوں نے کہا اساتذہ مسائل کا ایک طویل عرصہ سے حل نہ ہونا پنجاب حکومت کی گڈ گورنینس پر سوالیہ نشان ہے؟ پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباس،حافظ وقار،راجہ ندیم کے ہمراہ اساتذہ سے اظہار یک جہتی کیلئے احتجاجی کیمپ میں تشریف لائے۔ متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب کے چیئرمین طارق محمود نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او لاہور کی یقین دہانی پر احتجاجی دھرنا کو3دن کیلئے موخر کیا ہے۔ اگر تین دن کے بعد بھی اساتذہ مسائل کسی مناسب فورم پر حل نہ ہوئے تو رمضان المبارک میں پنجاب کے تمام اضلاع میں احتجاجی پروگرام رکھے جائیں گے۔