امت مسلمہ کو اپنے تحفظ کیلئے مشترکہ دفاعی ومعاشی فورم تشکیل دینا ہوگا: راغب حسین نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان اورجامعہ نعیمیہ کے زیر اہتمام میانمار کے مسلمانوں پرمظالم کے خلاف لاہورپریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پرجامعہ نعیمیہ کے ناظم ا علیٰ علامہ راغب حسین نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روہنگیا مسلمانوں پر وحشیانہ تشد د اورظلم وبربریت کے خلاف عالم اسلام اٹھ کھڑا ہو۔ امت مسلمہ کو اپنے تحفظ کیلئے مشترکہ مسلم دفاعی ومعاشی فورم تشکیل دیناہوگا۔اقوام متحدہ ،یورپی یونین،او آئی سی اورانسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں جواب دیںکہ روہنگیا کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیوں کیا جارہا ہے؟۔ جانوروں کے حقوق کے محافظ اور دنیا میں امن کے پرچار کے دعویدار میانمار کے مسلمانوںپرہونے والے انسانیت سوز مظالم پرخاموش کیوں ہیں۔؟ مظاہر ہ سے علامہ لیا قت علی صدیقی، پیر سید شہاز احمد سیفی ،قاری محمدامیرقادری ،مفتی قیصرشہزادنعیمی ودیگرنے بھی خطاب کیا۔