سرکاری زمینوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے: عبد القدیر منگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی عبدالقدیر منگی نے کہا ہے کہ سرکاری اراضیوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کا فی الفور خاتمہ کیا جائے گا۔ سو فیصد کے ڈی اے اراضیاں قبضہ مافیا سے چھڑانے کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اب تک واگزار کرائی گئی سرکاری زمینوں کو شہریوں کو صحتمندانہ اور تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا اس ضمن میں کام شروع کردیا گیا اور شہر کراچی میں پارکس اور گراؤنڈز کا جال بچھانے کے لئے تجربہ کار اور باصلاحیت کے ڈی اے انجینئرز تیزی سے ہوم ورک کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے سوک سینٹر میں موجود کانفرنس روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر رام چند، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ورئیل اندھر، متعلقہ اسکیمز کے ایگزیکٹو انجینئرز، ڈائریکٹر پارکس، ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے شہر بھر میں کے ڈی اے اراضیوں کو واگزار کرانے کے لئے گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے لئے بھرپور قوت سے آپریشن جاری ہے۔ یاد رہے کہ ادارہ ترقیات کراچی کا محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا عملہ تمام تر توانائیوں کے ساتھ قابضین کے خلاف آپریشن کرے گا جبکہ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے عبدالقدیر منگی بذات خود آپریشن کی مانیٹرنگ کریں گے۔ آپریشن کے کامیاب نتائج حاصل کرنے کے لئے مزید تیزی سے کے ڈی اے اراضی واگزار کرانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس پر مکمل عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کو خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تین دن کے اندر قابضین کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے، کے ڈی اے اراضی پر قائم غیر قانونی پتھارے و تجاوزات کو فی الفور ختم کرکے اراضیاں سرکاری تحویل میں لی جائیں۔