دائود انجینئرنگ یونیورسٹی سیپا کو تکنیکی سہولتیںفراہم کریگی، مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کراچی (نیوزرپورٹر) دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ انرجی اینڈ انوائرمنٹ انجینئرنگ اور سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کے درمیان ماحولیات کی بہتری ، مشترکہ ریسرچ سمیت دیگر امور سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ مفاہمتی یادداشت کی سادہ اور پروقار تقریب دائود یونیورسٹی کے کانفرنس روم میںمنعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی نوابزادہ محمد تیمور تالپور تھے۔ معزز مہمان خصوصی اور دائود یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی موجودگی میں ڈائریکٹر جنرل سیپا انجینئر نعیم احمد مغل اور رجسٹرار دائود یونیورسٹی ڈاکٹر سید آصف علی شاہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دائود یونیورسٹی سیپا کو مواد کی ٹیسٹنگ کیلئے تکنیکی سہولتیںفراہم کرے گی جبکہ دونوں ادارے ایک دوسرے کی لیبارٹریز ، آلات ، مواد اور مہارت سے مستفید ہوسکیںگے ، دائود یونیورسٹی کا شعبہ انوائرمنٹ سیپا کے افسران اور اہلکاروں کو تربیت فراہم کرے گا جبکہ سیپا شعبہ انوائرمنٹ کے طلبائ، ریسرچ فیلوز اور اساتذہ کو مواد اور سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ دائود یونیورسٹی اور سیپا ایک دوسرے کو انوائرمنٹ امپکٹ اسسمنٹ (ای آئی اے) میںبھی مدد کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نوابزادہ محمد تیمور تالپور نے کہا کہ ہم کراچی سمیت سندھ کے تمام علاقوں کو آلودگی سے پاک ماحول دینا چاہتے ہیں ، اس مفاہمتی یادداشت سے سیپا کو یہ فائدہ ہوگا کہ وہ شہر بھر سے پینے کے پانی اور آلودہ پانی کے جو نمونے اکھٹے کئے جائیں گے اسے دائود یونیورسٹی کی لیبارٹری سے ٹیسٹ کروایا جائے گا، اس سے بہتر نتائج ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ شہر کو صاف رکھنے اور یہاں ماحولیات کو بہتر بنانے کیلئے جس حد تک ممکن ہے اپنے محدود وسائل میں کام کررہی ہے کیونکہ پہلے ہی وفاق نے ہمارے فنڈز روک رکھے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام خصوصاً نوجوانوں کو بھی چاہئے کہ وہ آگے آئیں اور شہر کی ماحولیات کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی لیبارٹریز کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے اور اب یہاں کی ماحولیات کی لیبارٹری میں ہر قسم کے میڑیل کا ٹیسٹ کرایا جاسکتا ہے، اس لئے ہم نے سیپا کے ساتھ اس ایم او یو پر دستخط کئے ہیںتاکہ ان کیلئے بھی آسانی ہو اور وہ کسی بھی وقت اگر کوئی ٹیسٹ کروانا چاہئیں تو ہماری یونیورسٹی انہیں تمام تر سہولتیںفراہم کرے گی۔ اسی طرح ہم سیپا سے بھی سہولتیں لیں گے۔