قرآن اور صاحب قرآن پوری انسانیت کیلئے ہدایت کا مینار ہیں: حافظ نصر اللہ
کراچی ( نیوز رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ قرآن و صاحب قرآن پوری انسانیت کیلئے رہنمائی و ھدایت کا مینار ہیں۔ حق و باطل کے معرکہ میں حق کا ساتھ دینے والے ہی دنیا و آخرت میں کامیاب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک و قوم مہنگائی، بیرونی قرضہ، بیروزگاری، کرپشن سمیت بے شمار مسائل کے دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں جس میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مہنگائی و ظلم کے مارے عوام سخت پریشان اور اپنے جگر گوشوں کے گردے تک فروخت کرنے پر مجبور ہیں عوام کی پریشانیوں میں اضافہ اور ایک افراتفری کا ماحول بنادیا گیا ہے جس کا واحد سبب یہی ہے کہ ہم نے بحیثیت قوم کبائر گناہوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ سودی نظام معیشت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے۔ اللہ پر توکل، کفایت شعاری کی بجائے اللہ کو ناراض کرکے غیروں کے در پر جاکر بھیک مانگتے پھر رہے ہیں۔ اس تباہی سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ سودی نظام سے برات کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ تم بڑے گناہوں سے اپنے آپ کو بچاؤ جن سے اس رب نے منع کیا ہے تو وہ معمولی معمولی غلطیاں معاف اور جنت میں داخل کردیں گے۔ناظم عمومی مولانا محمددین منصوری،آڈیٹر بشارت علی اورسیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔