دکھی انسانیت کی خدمت ہی نصب العین ہے،صوفی عامر نقشبندی
کراچی ( نیوز رپورٹر) دکھی انسانیت کی خدمت ہی نصب العین ہے،یہ اللہ پاک کا کرم ہے کہ ہم آج غریب اور مسکین لوگوں کے کام آرہے ہیںاور پرعزم ہیں کہ اس سلسلے کو اللہ کے فضل وکرم سے جاری رکھیں گے۔یہ بات عبدالرحمان میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کے چیئرمین خواجہ صوفی محمدعامر نقشبندی نے اپنے دفتر سیکٹر5-Dنیوکراچی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر علاقہ معززین کی بڑی تعدادبھی موجودتھی۔انہوں نے کہاکہ عبدالرحمان میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کا کام صرف مخصوص ایام تک محدود نہیں ہے، اس ادارے کے تحت سال بھر مختلف فلاحی پروگرامز ہوتے رہتے ہیں جن میں راشن کی تقسیم، میت بس سروس ، غسل وکفن،دووقت کا دسترخوان،میڈیکل کی سہولیات،سالانہ 50بچیوں کی شادی، خواتین کے لئے انڈسٹریل ہوم،فری میڈیکل کیمپس ، آنکھوں اور دیگر اعضاء کے معائنے اور مختلف ٹیسٹس کے فری کیمپس بھی شامل ہیں جن میں مریضوں کے لئے معائنہ اور ادویات باالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں، اس کے علاوہ دیگر رفاعی کام شامل ہیں۔اس موقع پرصوفی عامر نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستحقین کی بنیادی ضروریات کوپوراکرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے لیکن حکومت چونکہ اس ذمہ داری کو پورانہیں کررہی جس کے باعث غربت اور افلاس کی شرح بڑھتی جارہی ہے اور نوبت یہ آچکی ہے کہ اکثر گھروں میں دووقت کاکھانابمشکل دستیاب ہوتاہے۔ ایسے میں عوام الناس کی بھلائی اور فلاح وبہبودکے ادارے ان غرباء اور مساکین کی مددکرتے ہیں جن میں ایک معتبر نام عبدالرحمان میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کا ہے جو علاقے کی غریب عوام کی حقیقی مددکررہاہے۔