ہسپتال کے انتظامی امور میں انقلابی تبدیلیاںلائیں گے: ڈاکٹر اظہر امین
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت )سی ای او ہیلتھ و ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر محمد اظہر امین نے کہا ہے کہ ضلع میں ہیلتھ کی سہولیات کی فراہمی مزید موثر بنانے سمیت محکمہ صحت اورڈی ایچ کیو ہسپتال کیساتھ ساتھ دیگر تمام صحت عا مہ کے سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی امور مربوط بنیادوں پر استوار کئے جائیں گے ،محکمانہ امور میں بہتری کیلئے افسران اور ہسپتالوں کا نظام بہتر بنانے کی خاطر ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی مشاورت سے اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرجن ڈاکٹر محمد نعیم قریشی ، معروف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر فاروق احمد، ڈاکٹر ظہور احمد ، ڈاکٹر امان اللہ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ماہ کے اندر اندر ہسپتال کے انتظامی امور میں انقلابی تبدیلیاںلائی جائیں گی ادویات کی ہمہ وقت فراہمی اور مشینوں کی اپ گریڈیشن سمیت تمام سہولیات یکسر میسر کی جائیں گی، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کونسلنگ کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ ڈاکٹرز اور مریضوں میں ربط مزید فعال ہوسکے۔