ڈاکٹر محمد امجد این اے 53 اسلام آباد سے عمران خان کے حق میں الیکشن سے دستبردار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد این اے 53 اسلام آباد سے عمران خان کے حق میں الیکشن سے دستبردار ہو گئے، ایک بیان میں ڈاکٹر امجد نے کہا کہ ہماری جماعت ملک بھر سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، بڑے قومی مقصد کے لئے اسلام آباد کے حلقوں سے عمران خان کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تحریک انصاف کے ساتھ مشترکہ نظریات کی بنیاد پر کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں اپنی انتخابی مہم کے لئے مقررکئے گئے کوآرڈینیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کے حلقوں سے تحریک انصاف کے حق میں دست برداری کا فیصلہ ملک اور قوم کے لئے بڑے مقصد کے حصول کے لئے کیا ہے۔تحریک انصاف آل پاکستان مسلم لیگ کے سرپرست اعلیٰ سید پرویز مشرف کے ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ویڑن کے قریب تر ہے۔ مستقبل میں مشترکہ نظریات کی بنیاد پر پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر کام کرسکتے ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ ملک کے دیگر تمام حلقوں سے انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔این اے 1چترال سے وہ اے پی ایم ایل کے امیدوار کے طور پر انتخابی مہم جاری رکھیں گے اور فتح حاصل کریں گے۔انہوں نے اسلام آباد اور ساہیوال سے اپنی انتخابی مہم کے کوآرڈینیٹرز کو ہدایت کی کہ وہ عمران خان کو سپورٹ کریں اور ان کی کامیابی کے لئے کام کریں۔