سمن آباد کی سڑکوں کی صورت حال
مکرمی! چند روز قبل میرا گزر سمن آباد کے علاقے پکی ٹھٹی سے ہوا جہاں کی سڑکوں کی حالت دیکھ کر پریشان ہو گئی۔ یہ ایک اچھا خاصہ رہائشی علاقہ ہے مگر یہاں کی سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔ جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے اور ٹوٹی پھوٹی سڑک، ہر آنے جانے والے کو مسئلہ اور اگر کہیں ابررحمت برس جائے تو پوچھیں مت، کھڈے چھوٹے چھوٹے تالاب کی شکل اختیار کر لیتے ہیں اور پھر نہ پتہ چلتا ہے سڑک کہاں ہے اور نہ گٹر ، دوسری طرف یہ سڑک اس قدر چھوٹی ہے کہ اکثر یہاں گاڑیوں اور رکشوں کا رش رہتا ہے۔ سڑک کے دونوں طرف مارکیٹ ہے اور مختلف ٹھیلے جس کے باعث بھی سڑک کافی چھوٹی ہے۔ کئی حکومتیں آئیں اور گئیں مگر اس سڑک کی نہ سُنی گئی۔ اس مسئلہ کی طرف توجہ دلائی جائے تاکہ اِدھر کے رہائشی بھی سکون حاصل کر سکیں۔ (حنا کمال، لاہور)