شریف خاندان نے جے آئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات سپریم کورٹ میں جمع کرادیئے

17 جولائی 2017 (13:04)

اسلام آباد:شریف خاندان نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ پر اپنے اعتراضات سپریم کورٹ میں جمع کرادیئے ہیں۔ پیر کو پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت سے قبل شریف خاندان نے جے آئی ٹی رپورٹ پر اپنے اعتراضات جمع کرادیئے۔ جس میں شریف خاندان نے موقف اختیار کیا ہے کہ جے آئی ٹی کوعدالت نے 13سوالات کی تحقیقات کاحکم دیا تھا لیکن جے آئی ٹی نے مینڈیٹ سے تجاوز کیا، جےآئی ٹی جانبدار تھی اور اس نے قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔ اس لیے عدالت عظمی سے استدعا ہے کہ ہماری درخواست منظور کرتے ہوئے رپورٹ کو مستردکیا جائے۔واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے گزشتہ ہفتے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی۔ 10جلدوں پر مشتمل اس رپورٹ میں نواز شریف سمیت شریف خاندان پر کئی الزامات اور اس سے متعلق شواہد سامنے لائے گئے ہیں۔