قوم چوروں کے ساتھ نہیں ہے، ن لیگ پاناما کیس میں تاخیری حربے استعمال کررہی ہے: شیخ رشید

17 جولائی 2017 (12:25)
قوم چوروں کے ساتھ نہیں ہے، ن لیگ پاناما کیس میں تاخیری حربے استعمال کررہی ہے: شیخ رشید

اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قوم چوروں کے ساتھ نہیں ہے۔ ن لیگ پاناما کیس میں تاخیری حربے استعمال کررہی ہے، یہ لوگ سپریم کورٹ کا احترام نہیں کررہے۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ایجنڈا ججز اور جرنیلوں سے ٹکر لینا ہے۔ چوروں کیساتھ وہی کھڑے ہوتے ہیں جو چوری کے مال میں حصہ دار ہوتے ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ جو جے آئی ٹی کو گالی دے رہا ہے وہ سپریم کورٹ کو گالی دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ انہیں کون مشورے دے رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی جگہ سے ثبوت بھی نکلیں گے اور تابوت بھی۔