پاکستان ٹیم ایشین سینئر مینز والی بال چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے انڈونیشیا روانہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سینئر والی بال ٹیم 19 ویں ایشین سینئر مینز والی بال چیمپیئن شپ 2017ءمیں شرکت کے لیے انڈونیشیا روانہ ہو گئی۔ ایشین والی بال چیمپیئن شپ 24 جولائی سے یکم اگست تک انڈونیشیا کے شہر سرابیا میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان والی بال ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت سے پہلے قطر میں میزبان قطر اور عراق کے خلاف تین پریکٹس میچز کھیلے گی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے مطابق قطر میں کھیلی جانے والی تین ملکی سیریز سے تمام ٹیموں کو ایشین چیمپیئن شپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔ فیڈریشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایشین چیمپیئن شپ میں 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں ٹاپ ٹیموں میں ایران، جاپان، کوریا، چائنہ، آسٹریلیا سمیت ایشین اور اوشیانا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کو گروپ بی میں ایران، چائینز تائپے اور عراق کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 24 جولائی کو چائینز تائپے کے خلاف کھیلے گی۔ 25 جولائی کو ایران جبکہ 26 جولائی کو عراق کے مد مقابل ہوگی۔ پہلے راونڈ کے اختتام پر ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے ایشین چیمپیئن شپ کی تیاری کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اور اس سے توقع کی جا رہی ہے کہ ایشین چیمپیئن شپ میں پاکستان ٹیم اچھے نتائج دے گی۔