ورلڈ کپ 2011 میں شکست کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی جائے، ارجنا رانا ٹنگا

17 جولائی 2017

کولمبو(آئی این پی ) سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں سری لنکا کی شکست کی تحقیقات کا مطالبہکرتے ہوئے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے حکومت سے کہا ہے کہ 2011 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کی شکست کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنائی جائے۔عالمی کپ 2011 کا فائنل ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہوا تھا جس میں سری لنکا بھارت سے چھ وکٹوں سے ہار گیا تھا۔میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے تھے۔میچ کی ابتدا میں ہی بھارت کے اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر صرف 18 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے تھے جس کے بعد قوی امید تھی کہ سری لنکا یہ میچ بآسانی جیت جائے گا۔لیکن سری لنکن کھلاڑیوں کی ڈرامائی طور پر خراب فیلڈنگ اور بالنگ کے باعث بھارت یہ میچ جیت گیا تھا۔سری لنکن ذرائع ابلاغ میں اس میچ میں شکست پر کئی سال گزر جانے کے باوجود بھی چہ مگوئیاں ہوتی رہی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی نے کھل کر میچ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ویڈیو میں سابق سری لنکن کپتان کا مزید کہنا تھا کہ فائنل کے وقت وہ بھی ورلڈ کپ میچز کی کمنٹری کے لیے بھارت میں تھے اور انہیں اس وقت بھی اس ہار پر شک تھا۔انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کھلاڑی اپنی سفید یونیفارم کی آڑ میں اپنی گند نہیں چھپاسکتے اور جو کچھ فائنل میں سری لنکا کے ساتھ ہوا تھا وہ تحقیقات کے نتیجے میں سامنے لایا جانا چاہیے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں رانا ٹنگا نے کہا ہے کہ وہ بہت کچھ جانتے ہیں لیکن بتا نہیں سکتے۔ ان کے بقول جلد وہ اپنی زبان کھولیں گے اور سارے راز فاش کریں گے۔رانا ٹنگا کے ترجمان کے مطابق رانا ٹنگا سری لنکا کے صدر اور وزیرِاعظم کی توجہ ملک میں کرکٹ کی صورتِ حال پر مبذول کرانے کے لیے خطوط بھی لکھیں گے۔سری لنکا رواں ماہ زمبابوے جیسی کمزور ٹیم سے ہوم گراونڈ پر ہونے والی ون ڈے سیریز 2-3 سے ہار گیا تھا جس کے بعد سے ٹیم پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔