موٹر سائیکل پر بیٹھے دونوں سواروں کے لئے ہیلمٹ کا استعمال ضروری ہے،سی ٹی او

17 جولائی 2017

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے کہا ہے کہ دورانِ موٹر سائیکل ڈرائیونگ ہیلمٹ پہننا موٹر سائیکل سواروں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ موٹر سائیکل سے خدا نخواستہ گرنے کی صورت میں سیفٹی ہیلمٹ سر کی جان لیوا چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے جس سے ڈرائیور یا پیچھے بیٹھے سوار دونوں کی جان بچ جاتی ہے اس کےلئے ضروری ہے کہ پیچھے بیٹھا سوار بھی ہیلمٹ کا استعمال کرے صرف ڈرائیور کے لئے ہی ہیلمٹ پہننا ضروری نہیں بلکہ موٹر سائیکل پر بیٹھے دونوں سواروں کے لئے ہیلمٹ کا استعمال ضروری ہے انہوںنے کہا کہ ا س سلسلے میں ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ایجوکیشن ونگ کی جانب سے دورانِ موٹر سائیکل ڈرائیونگ ہیلمٹ پہننے کی اہمیت و افادیت سے متعلق  موٹر سائیکل سواروں میں خصوصی آگاہی مہم کا سلسلہ بھی جاری و ساری ہے کیونکہ موٹر سائیکل سے گرنے کے صورت میں اکثر خطرناک چوٹیں سر میں لگتی ہیں جو جان لیوا اور معذوری کا سبب بنتی ہیں لیکن دوران ڈرائیونگ جب ہیلمٹ کا استعمال کیا جائے گا تو اس صورت میں سر مکمل محفوظ رہتاہے ٹریفک پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کی اہمیت سے متعلق بریفنگ کا عمل جاری ہے چیف ٹریفک آفیسر نے بتایا کہ اس حوالے سے آگاہی مہم کو تیز کر دیا گیا ہے کیونکہ ٹریفک پولیس آن گراﺅنڈ شہریوں کو ٹریفک سہولیات فراہمی کے ساتھ ساتھ روڈیوزرز کی جان ومال کے تحفظ کے لیئے بھی کوشاں ہے ۔