گاڑیوں میں ناقص سلنڈرز کے استعمال سے گرےز کیاجائے ،سیکرٹری آر ٹی اے

17 جولائی 2017

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کو خبردار کیا ہے کہ گاڑیوں میں ناقص سلنڈرز کسی صورت استعمال نہ کیے جائیں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جائے ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بعض ٹرانسپورٹ مالکان چند روپوں کی بچت کی خاطر ناقص کوالٹی کے سلنڈرز کا استعمال کرتے ہیں جو کہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ناقص سلنڈر کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااور ایسی گاڑیوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔خالد یامین ستی نے مزید کہاکہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی وقتاً فوتاً ناقص سلنڈرز ،روٹ پورا نہ کرنے والی یا زائد کرایہ وصولی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد یامین ستی نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین یونین کونسل پڑیال چوہدری نذر عباس کی جانب سے 22نمبر چونگی سے چکری ،پڑیال تک چلنے والی ویگنوں میں مبینہ طور پر ناقص سلنڈرز کے استعمال ،زائد کرایہ کی وصولی اور اوور لوڈنگ کے حوالے سے دی گئی درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے کیا خالد یامین ستی نے کہاکہ اتھارٹی عوامی شکایات کے علاوہ بھی ناقص سلنڈرز کی حامل گاڑیوں کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ زائد کرایہ کی وصولی اور اوور لوڈنگ پر بھی سخت کارروائی کی جاتی ہے ۔خالد یامین ستی نے کہا کہ 22نمبر چونگی سے چکری و پڑیال جانے والی گاڑیوں میں ناقص سلنڈرز کا استعمال یا دیگر خلاف ضابطہ امور پر سخت ایکشن لیاجائے گا ۔