وزیر داخلہ کی اصغر شاد کی رہائشگاہ آمد‘ اہلخانہ سے اظہار تعزیت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اتوار کی شام روزنامہ نوائے وقت راولپنڈی کے بیورو چیف اصغر شاد مرحوم کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی والدہ محترمہ اور انکے صاحبزادے عمران اصغر سے مرحوم اصغر شاد کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ اصغر شاد ایک اعلیٰ پائے کے صحافی‘ ادیب اور کالم نویس تھے۔ انہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے عوام کے مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عمر بھر محنت سے صحافت میں ایک مقام پیدا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پورا شہر امڈ آیا۔ انہوں نے کہا اصغر شاد مرحوم نے اپنی 35 سالہ صحافت میں قابل تقلید روایات چھوڑی ہیں۔ انکا راولپنڈی کی سیاست پر گہرا عبور تھا اور وہ سیاسی معاملات میں ایک اچھی رائے رکھتے تھے۔ اس موقع پر روزنامہ نوائے وقت کے چیف رپورٹر حاجی محمد نواز رضا بھی موجود تھے۔