چودھری نثار مسلم لیگ ن کے ماتھے کا جھومر ہیں‘ سردار نسیم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ ن راولپنڈی میٹرو پولیٹن کے صدر‘ میئر راولپنڈی سردار نسیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ ن کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ وہ مسلم لیگی کارکنوں کے آئیڈیل ہیں۔ جو قوتیں وزیراعظم نواز شریف اور چودھری نثار علی خان کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں انہیں ناکامی ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف اور چودھرینثار علی خان کی 35 سالہ رفاقت میں کوئی سیاسی مخالف رخنہ نہیں ڈال سکتا۔ ”نوائے وقت“ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چودھری نثار علی خان کی سیاست مسلم لیگ ن سے شروع ہو کر مسلم لیگ ن پر ہی ختم ہوتی ہے۔ کوئی شخص یا سیاسی جماعت چودھری نثار علی خان کو مسلم لیگ سے الگ تصور نہیں کر سکتا۔ سردار نسیم نے کہا کہ چودھری نثار علی خان سرد گرم موسم میں نواز شریف کے اوپننگ بیٹسمین رہے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے مفاد کو پیش نظر رکھا ہے اور وزیراعظم کے مخالفین کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ لڑے ہیں۔