سوہاوہ، بااثر زمیندار نے غیرت کے نام پر غریب محنت کش کا ہاتھ کاٹ ڈالا
سوہاوہ (این این آئی)تحصیل سوہاوہ میں انسانیت سے عاری زمیندار نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے غریب محنت کش محبت خان کا ہاتھ کاٹ ڈالا۔اطلاعات کے مطابق تحصیل سوہاوہ کے محنت کش محبت خان کی غربت اس کی سزا بن گئی اور سوہاوہ کے زمیندار نے اسے غریب ہونے کی سزادیتے ہوئے غیرت کے نام پراس کا ہاتھ ہی کاٹ ڈالا، محبت خان کا ملزمان کے خاندان کی لڑکی سے کالج کے دورسے تعلق تھا، جس کے باعث شک کی بنا پرزمیندارکے ساتھی محبت خان کو گھر سے اٹھاکر ڈیرے پر لے گئے جہاں اسے برہنہ کرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تاہم اس کے بعد بھی ان کی تسلی نہ ہوئی تو انہوں نے اس کا ہاتھ ہی کاٹ ڈالا، محبت خان کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کا علاج شروع کر دیا گیا پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیلی میں 7 افراد خاور ظہیر، مرزا ظہیر، صوفی ساجد، مرزا طارق، مرزا بابر، مرزا ظہور اور مرزا جہانگیرکے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم مقدمہ درج ہونے کی اطلاع ملتے ہی ملزمان علاقہ چھوڑ کر روپوش ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقع کی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ملزمان کو جلد ہی گرفتارکرکے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔