قومی اسمبلی میں اکثر لوگ مجھے اچھوت سمجھتے ‘ ہاتھ تک نہیں ملاتے: جمشید دستی

17 جولائی 2017

مظفر گڑھ (آن لائن) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اکثر لوگ انہیں اچھوت سمجھتے ہیں،اراکین میرے ساتھ ہاتھ نہیں ملاتے کہیں جراثیم ہی نہ لگ جائیں۔میڈیا سے گفتگو میں جمشید دستی نے کہا کہ وہ اپنے اکثرکام خود اپنے ہاتھوں سے کرتے ہیں اور اس میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے کیونکہ حضور اکرم بھی اپنے کام خود کیا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بکریوں اور بھینسوں کا دودھ دوہتے ہیں اور باڑے میں ملازمین کے ساتھ مل کر صفائی کا کام بھی کروالیتے ہیں۔ اسی وجہ سے اسمبلی میں بیٹھے بہت سے لوگ میرے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کرتے ہیں ۔ جمشید دستی نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھے 95 فیصد لوگوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں ، وہ عوام کو برادری، غیرت اور دیگر مسائل کے نام پر لڑا کر ووٹ حاصل کرتے ہیں ۔ تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں کے ساتھ اچھی دوستی ہے کیونکہ وہ لوگ بھی مڈل کلاس سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں کرپشن کی بڑی آفرز آئیں جبکہ آج بھی ایسی آفرز موجود ہیں۔ مجھے کہا گیا کہ آپ کو وزیر مملکت بناتے ہیں لیکن میں نے انکار کر دیا، پھر مجھے کہا گیا کہ آپ غریب آدمی ہیں آپ کو سندھ میںشوگر مل کا لائسنس دیتے ہیں جسے بیچ کر آپ اپنے حالات درست کرلیں لیکن میرے ضمیر نے یہ بات گوارا نہیں کی۔