عوام کو محبوب لیڈر سے دور کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے‘ احسان الحق

17 جولائی 2017

راولپنڈی (نوائے وقت نیوز) مسلم لیگ ن کلچر ونگ اور اسلام آباد سٹیزن کونسل کے صدر ڈاکٹر احسان الحق نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کا ایجنڈا ایٹمی پاکستان کے بعد معاشی و مضبوط پاکستان تھا سی پیک کے ساتھ وہ دنیا جہان کو اقتصادی تعاون کے لئے اس طرف لا رہے تھے۔ انشاءاﷲ یہ تعمیری سلسلہجاری رہے گا۔ مخالفین لاکھ کوششیں کر لیں میاں نواز شریف کا قافلہ ترقی کی منازل ضرور طے کرے گا۔ سی پیک سے منسلک منصوبوں کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ آپ عالمی سروے اٹھا کر دیکھ لیں آج بھی پاکستان میں ترقی کی رفتار پر عالمی ادارے میاں نواز شریف کو ستائش کے پھول دے رہے ہیں۔ جے آئی ٹی کی بابت سوال پر ڈاکٹر احسان الحق نے بتایا کہ 20 کروڑ لوگوں کی سرزمین اس یکطرفہ سفارشات کو تسلیم نہیں کر رہی ہیں۔ عوام کو اس کے محبوب لیڈر سے دور کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بیرونی ایجنڈے کے پاسبان جتنا مرضی زور لگا لیں وہ پاکستانیوں کے دلوں میں گھر نہیں کر سکتے۔ مسلم لیگ ن اور اس کی لیڈرشپ کو عوام نے جو محبت‘ جو عزت دی ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ انشاءاﷲ ہر میدان اور ہر سطح پر قوم مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کے ساتھ ہے۔ ایک ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ ن کلچرل ونگ اور اسلام آباد سٹیزنل کونسل کے صدر ڈاکٹر احسان الحق نے بتایا کہ قوم قائد جمہوریت میاں محمد نواز شریف ‘ خادم اعلیٰ میاں شہباز شریف اور قوم کی بیٹی مریم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ میاں نواز شریف کی مقبولیت سے خائف ہوکر بیرونی ایجنڈے کے ”امین“ سیاسی استحکام کے خواہش مند ہیں۔ اﷲ کریم کے فضل و کرم سے پاکستان ترقی کرے گا، آگے بڑھے گا اور اقوام عالم میں معاشی و اقتصادی حوالے سے نام کمائے گا۔ دشمن لاکھ برا چاہےں سازشیں کرلیں وہ کبھی عوام اور میاں صاحب کے درمیان حد فاصل قائم نہیں کر پائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ معاشی عدم استحکام سے قومی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ ایک ایسے موقع پر جب سی پیک اپنی منزل کی طرف تیزی سے گامزن ہے ایسے حالات میں جب دنیا اپنا اقتصادی معاہدوں کیلئے پاک سرزمین کی طرف نظریں مرکوز کئے ہیں۔ ان روشن لمحوں اور قابل ذکر ساعتوں سے دشمن خائف ہے اور وہ کسی نہ کسی طرح پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرکے پاکستانیوں کو ان ثمرات سے دور رکھنا چاہتا ہے لیکن یہ اس کی خام خیالی ہے۔