عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے لگانے ،پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا
لاہور (این این آئی) عازمین حج حفاظتی ٹیکے لگانے اورپولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ آج ( پیر )سے شروع ہوگا ،سعودی عرب پہنچنے پر سعودی وزارت صحت کی طرف سے بھی ائیر پورٹ پر ہی پولیو کے قطرے دوبارہ پلائے جائیں گے ۔ ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے بتایا کہ عامین حج کو گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا سے بچاﺅ کے ٹیکے لگانے کے علاوہ پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے ۔ ضلع لاہور سے تعلق رکھنے والے عازمین کو حاجی کیمپ نکلسن روڈ ‘فیصل آباد والوں کو گورنمنٹ کو آپریٹو کالج سرگودھا روڈ جبکہ سیالکوٹ والوں کو جناح اسلامیہ کالج میں حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ عازمین حج سے کہا گیا ہے کہ وہ رش سے بچنے کے لئے اپنے فلائٹ شیڈول کے مطابق ٹیکے لگوانے کے لئے آئیں۔ پرائیویٹ سکیم کے حاجیوں کو بھی حفاظتی ٹیکے حاجی کیمپ میں ہی لگائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے حج گروپ آرگنائزر کو متعلقہ حج ڈائریکٹوریٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پرائیویٹ سکیم کے حاجی ٹیکے لگوانے کے لئے بعد دوپہر حاجی کیمپ آئیں۔ حاجیوں کو پولیو کے قطرے پینے اور گردن تو ڑ بخار کا ٹیکہ لگوانے کا ثبوت سعودی عرب میں داخلے کے وقت ائیرپورٹ پر پیش کرنا ہوگا۔