غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ16 گھنٹے تک جا پہنچا‘ شہری بلبلا اٹھے

17 جولائی 2017

لاہور (نامہ نگاروں سے) جھنگ گڑھ مہاراجہ شیخوپورہ اور مظفر آباد سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ایک بار پھر سے شروع ہو گئی کئی اضلاع میں گیس کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔گڑھ مہاراجہ سے نامہ نگار کے مطابق گڑھ مہاراجہ اس کے نواحی علاقوں میں شدید گرمی اور حبس کے علاوہ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ سے آٹھارہ گھنٹے تک پہنچ چکا ہے گھرو ں اور مساجد میں پانی نایاب نمازیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مچھروں اور مکھیوں کی بہتات سے لوگوں کی رات بھر کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، شہریوں اسلم، جاوید، افتخار، امجد اور دیگر نے حکام بالا سے فوری لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ورنہ احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری مقامی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق جھنگ فیسکو اشرف شہید فیڈر پر ترقیاتی کاموں کا جواز بنا کر مسلسل چھ گھنٹے پر محیط لوڈ شیڈنگ شدید گرمی سے شہریوں کو جینا دو بھر ہوگیاامیر جماعت اسلامی جھنگ شہر کی طرف سے اعلیٰ حکام سے فوری بلاتعطل بجلی کی فراہمی کا مطالبہ۔ فیسکو کے زیر انتظام اشرف شہید فیڈر جس کے ذریعے جھنگ شہر سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے شدید گرمی میں گزشتہ بیس روز سے محکمہ کی برقی لائنوں کی تنصیب اور مرمت کا کام جاری رکھا ہوا ہے جوکہ روزانہ صبح چھ تا بارہ بجے تک جاری رہتا ہے اس ضمن میں مبینہ طور پر عملہ کی کمی کے باعث کام نہایت سست رویے کا شکار ہے جس سے شہریوں کو ناصرف پریانیاں لاحق ہے بلکہ بچے،خواتین،بزرگ گرمی سے نڈھال ہیں۔ شہریوں کی طرف سے شکایات موصول ہونے کے باوجود محکمہ نے نہ تو لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا بلکہ نہ ہی مزید عملہ کے ذریعے جلد از جلد کام کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔اس پریشانی کی صورت حال کے تناظر میں امیر جماعت اسلامی جھنگ شہر عبدالستار گادھی نے چیف فیسکو واپڈا فیصل آباد اور ایس ای واپڈاجھنگ خواجہ غلام یاسین سے فوری طور پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مظفرآباد سے صباح نیوز کے مطابق دارلحکومت مظفرآباد شدید گرمی کی لپیٹ میں، اوپر سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے بڑھ گیا ٗ عوام کی چیخیں نکل گئیں، لوڈ شیڈنگ کم نہ ہوسکی۔تفصیلات کے مطابق دارلحکومت مظفرآباد ایک بار پھر گرمی کی شدید لپیٹ میں آگیا جس کے باعث عوام گرمی سے بلبلا اُٹھی، دریائے نیلم اور دریائے جہلم کے کنارے ڈھیرے ڈالنے پر مجبور، محکمہ برقیات کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ 16گھنٹے تک بڑھ گیا۔
لوڈشیڈنگ