;; پاناما کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گے‘ شفقت محمود

17 جولائی 2017

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاناما کیس پر سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے گا اسے قبول کریں گے،حکمران سازش کی باتیں کرتے ہیں لیکن یہ نہیں بتاتے کہ سازش کون کر رہا ہے، کیا عالمی اور مقامی ادارے سب ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں، حکومت کھل کر بتائے ان کے خلاف سازش اندرونی ہے یا بیرونی؟،مولانافضل الرحمان پہلے زرداری اور پھرنواز حکومت کے ساتھ رہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو ان کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی کہانی ہر طرح سے تباہ ہو چکی ہے، مہذب معاشروں میں اگر کسی پر اس طرح کے الزام ہوں تو کرسی چھوڑ دی جاتی ہے۔عوام نے (ن) لیگ کو حق حکمرانی دیا تھا حق کرپشن نہیں اور اب تمام اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کو جانے کا کہہ رہی ہیں۔انہوںنے ناز بلوچ کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے پاس کوئی پارٹی عہدہ نہیں تھا ۔ انہوںنے کہا کہ حکمران اس ملک پر رحم کریں اور اس کی جان چھوڑ دیں،عوام کو اور کتنا لوٹیں گے۔
شفقت محمود