ْ بارشوں سے تباہی افسوس ناک ، متاثرین کی مدد کی جائے، مصطفی کمال
کراچی(نیوز رپورٹر) چیئرمین پاک سر زمین پار ٹی سید مصطفٰی کمال نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی فوری بحالی اور امداد کا انتظام کیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث ندی، برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جس کی وجہ سے گھروں، دفاتر، اسپتالوں اور عبادتگاہوں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور عوام حکومتی و انتظامی نا اہلی کی وجہ سے اپنی مدد آپ کے تحت ریلیف کے کام کرنے پر مجبور ہیں ، بیشتر دیہی علاقوں میں زندگی کا پہیہ جام ہوکر رہ گیا ہے اور شہری علاقوں میں بھی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی. انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں کی عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اس لئے وفاقی و صوبائی حکومتیں ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے مذکورہ خستہ حال عمارتوں کو خالی کروائے تاکہ کوئی بڑا سانحہ رونما نہ ہوسکے. سید مصطفٰی کمال نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود پورے ملک میں حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے ۔
مصطفی کمال