رشوت اور کرپشن کا سرطان نیچے سے اوپر تک ِپھیلاہوا ہے، ثروت اعجاز

17 جولائی 2017
رشوت اور کرپشن کا سرطان نیچے سے اوپر تک ِپھیلاہوا ہے، ثروت اعجاز

کراچی (نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن اور رشوت کا سرطان نیچے سے اوپر تک پھیلا ہوا ہے ،سامراجی ممالک نے ملک کو سودی قرضوں کے جال میں جکڑ رکھا ہے ،مستقبل کیلئے ایسے نظام کی جدوجہد کرنا ہوگی جس میں سودی نظام کی لعنت نہ ہو ،سرکاری تعلیمی اداروں میں علم کی موت واقع ہوچکی ہے ،مظلوم غریب عوام کو سرکاری اسکولوں میں بھی تعلیم مہیا نہیں ہوتی ہے ،عوام کو تعلیم سے دور کرنے والے عوامی انقلاب ترقی وخوشحالی کا فروغ نہیں چاہتے ،عوام میں شعور اور تعلیم ہوگی تو سیاسی وڈیرے ،جاگیر دار ،سرمایہ دار عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکیں گے ،پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکامی کو ایک سال مکمل ہونے پر ترکی کی عوام سے اظہاریکجہتی کی تقریبات سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ،یاد رہے کہ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر میں عشق رسول کے فروغ اور ترکی کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے دورود وسلام کی تقریبات ملک بھر میں منعقد کی گئیں ،ثروت اعجاز قادری نے کراچی ،لاہور ،فیصل آباد ،سکھر حیدر آباد ،لاڑکانہ میرپورخاص سمیت دیگرشہروں میں مواصلاتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالا دھن اور کرپشن کرنیوالوں نے پاکستان کی ترقی وخوشحالی پر کاری ضرب لگائی ہے ۔،حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا عذاب عوام کو جھیلنا پڑتا ہے ۔
ثروت اعجاز قادری