نوائے وقت راولپنڈی کے بیورو چیف اصغر شاد کو سپردخاک کر دیا گیا

17 جولائی 2017

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) ممتاز صحافی‘ سماجی کارکن اور روزنامہ نوائے وقت راولپنڈی کے بیورو چیف اصغر شاد کو اتوار کو یہاں شاہ بخاری قبرستان میں اشکبار آنکھوں کے سامنے ان کی اہلیہ کی قبر کے پہلو میں سپردخاک کر دیا گیا۔ ان کے ختم قل کے سلسلے میں آج پیر کو ان کی اقامت گاہ واقع گوالمنڈی پر 11 بجے قرآن خوانی اور بارہ بجے دعا ہو گی۔ مرحوم کی نماز جنازہ عیدگاہ گوالمنڈی میں قاری عبیداﷲ کی اقتداء میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر قاری محمد قاسم نے مختصر خطاب کیا۔ نماز جنازہ میں متعدد سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات‘ تاجر رہنماؤں‘ صحافیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر‘ سینیٹر چودھری تنویر خان‘ قومی اسمبلی کے رکن ملک ابرار احمد‘ میٹرو بس اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے چیئرمین محمد حنیف عباسی‘ واسا کے چیئرمین ضیاء اﷲ شاہ‘ میئر سردار محمد نسیم خان‘ پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست زمرد خان‘ ڈاکٹر جمال ناصر‘ صوبائی اسمبلی کے ارکان راجہ محمد حنیف‘ اعجاز خان جازی‘ راجہ راشد حفیظ کے علاوہ اختر محمود‘ راحت قدوسی‘ افضل کھوکھر‘ سجاد اکبر عباسی ‘ ملک یاسر رضا‘ شیخ ارسلان‘ شیخ راشد شفیق‘ چودھری محمد اصغر‘ رضا احمد شاہ‘ زاہد حسین کاظمی‘ ضیاء کوثر ملک‘ ظہیر اعوان‘ ناصر میر‘ شاہد غفور پراچہ‘ شرجیل میر‘ شیخ عبدالحفیظ‘ ظفر قادری‘ طارق وحید بٹ‘ منیر مغل‘ ملک اختر علی‘ راجہ جہانداد‘ یاسر بٹ‘ جاوید صدیق‘ حاجی نواز خان‘ پرویز شوکت‘ طارق وارثی‘ ایم ایم گورمانی‘ اکرام الحق شیخ‘ سردار عابد خورشید‘ طارق سمیر‘ سردار شوکت محمود‘ میاں انجمن قریشی‘ مولانا عبدالغفار توحیدی‘ فاروق خٹک‘ ملک جہانگیر خان‘ علیم چودھری‘ لطیف شاہ‘ فخر وڑائچ‘ جاوید مغل‘ سردار یعقوب‘ ملک امریز حیدر‘ آصف خورشید رانا‘ غلام علی خان‘ حافظ سجاد قمر‘ طاہر محمود خان‘ نعیم قاسم‘ عبدالجبار مرزا‘ امتیاز عاصی‘ قاری ولی الرحمنٰ‘ عدیل افضل خان‘ خان شبیر ‘ مبارک حسین‘ حاجی چودھری کالا خان شامل تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد کے سینئر صحافی اصغر شاد کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک اعلیٰ درجے کے مصنف اور پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ریکارڈ کیپر تھے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید پر ان کی تصنیف پاکستان کی جمہوری، سیاسی تاریخ سے ان کی وابستگی کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔ مرحوم کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس صدمے کی گھڑی میں سوگواران کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے سینئر صحافی‘ کالم نگار اور مصنف محمود اصغر شاد کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ لواحقین کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں عرفان صدیقی نے کہا کہ اصغر شاد ذہین صحافی‘ کالم نگار اور مصنف کے علاوہ سماجی کارکن بھی تھے۔ مشیر وزیراعظم نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔عوامی مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی کے رکن شیخ رشید احمد‘ سابق ضلع ناظم راجہ طارق کیانی‘ ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود‘ سابق وائس پریذیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ راجہ جہانداد اور سابق ایم پی اے ملک یاسر رضا نے روزنامہ نوائے وقت کے بیورو چیف اصغر شاد کی وفات پر ان کی اقامت گاہ پر جا کر ان کے صاحبزادے عمران اصغر اور دیگر سوگوار لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بیورو چیف روزنامہ نوائے وقت راولپنڈی، معروف کالم نگار، ایکسپریس نیوز کے سینئر رپورٹر عمران اصغر کے والد سینئر صحافی محترم اصغر شادکے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بیٹے عمران اصغر کے نام اپنے پیغام میں اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار، مرحوم کے بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر کی دعاکی۔
اصغر شاد/ سپردخاک