مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق،10 زخمی ہو گئے جبکہ رکشہ ڈرائیور دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

17 جولائی 2017

لاہور+ فیرزو والہ (نامہ نگاران+ سٹاف رپورٹر) مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق،10 زخمی ہو گئے جبکہ رکشہ ڈرائیور دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ معلوم ہو اہے کہ گوہاوا پنڈ کا رہائشی اعجاز برکی روڈ پر گیا اور پیدل سڑک عبور کر رہا تھا اسی دوران مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی جس سے اعجاز موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ کارڈرائیور فرا ر ہو گیا ۔ اقبا ل ٹاﺅن کے علاقہ میں موٹرسائیکل سوار سلطان اور عظیم اورملتان روڈ پر فرحان کار سے ٹکرانے کے باعث زخمی ہو گئے زخمیوں کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔ دریں اثناتھانہ ساندہ کے علاقہ میں 55 سالہ شخص پراسرار طورپر ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی۔ معلوم ہوا کہ تھانہ ساندہ کے علاقے ساندہ روڈ پر رکشہ ڈرائیور کی اچانک طبیعت خراب ہوئی جس پر راہگیر اسے فوری طورپر طبی امداد کیلئے ہسپتال لے گئے جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی کی شناخت شہزاد باغبانپورہ کے رہائشی کے نام سے ہوئی۔ متوفی ایک بیٹی اور تین بیٹیوں کا باپ تھا۔ ساندہ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔دریں اثنا گوالمنڈی کے علاقے میں 27 سالہ نوجوان تیزرفتاری کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہوکر کوڑے دان سے ٹکرانے کے باعث ہلاک ہو گیا۔ نسبت روڈ پر مقامی رہائش سلمان موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سڑک کنارے پڑے کوڑے کے بڑے ڈبے سے ٹکرا گئی جس کے باعث اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ راہگیروں نے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں وہ کچھ دیر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے
کے بعد دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متوفی کے اہل خانہ بھی روتے ہوئے ہسپتال پہنچ گئے۔ اہل خانہ دیوانہ وار لاش سے لپٹ کر روتے رہے۔ دریں اثناءجی ٹی روڈ کی آبادی شہزاد ٹاﺅن کے قریب کار کا ٹائر پھٹ جانے سے کار بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں نوجوان ارباب احمد ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ نارنگ کے رہائشی ارباب‘ عدنان اور ولید وغیرہ کار پر لاہور آرہے تھے۔ کالاخطائی روڈ پر دو موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہو گئے۔
a