نواز شریف سے استعفیٰ نہیں مانگتے یہ عمران کا ایجنڈا ہے: غلام بلور

17 جولائی 2017

پشاور (بیورو رپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ فاٹا کے عوام کو وہ حقوق دیئے جائیں جو دیگر پاکستانیوں کو دیئے جارہے ہیں۔ پشاور سٹی ٹاؤن میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے غلام بلور کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے استعفیٰ نہیں مانگتے کیونکہ یہ عمران خان کا ایجنڈا ہے ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ نواز شریف نے فاٹا کو خیبر پی کے میں شامل کرنے کی بات شروع کی اب اپنی بات پوری کریں۔ اے این پی رہنما نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صوبائی حکومت کو سیاسی، آئینی اور مالی بحران کا سامنا ہے،اس موقع پر اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک نے بینظیر بھٹو اور آفتاب شیرپاؤ کو جس طرح آدھے راستے میں چھوڑا، اسی طرح عمران خان کو بھی چھوڑیں گے۔ خیبر پی کے کے محکمہ خزانہ کی حالت بھی پرویز خٹک جیسی ہوگئی ہے۔