ترقیاتی منصوبوں کے باعث وفاق کی زیادتیوں سے کم متاثر ہونگے: پرویز خٹک
پشاور (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے دیرپا توانائی اور ترقیاتی منصوبوں کی بدولت آئندہ چند برسوں میں صوبہ اپنے پائوں پر کھڑا ہوگا، ہماری آمدنی میں کھربوں روپے سالانہ کا اضافہ ہو جائے گا اور اس ضمن میں ہم دوسروں کی محتاجی کے ساتھ ساتھ وفاق کی زیادتیوں اور چیرہ دستیوں سے بھی کم متاثر ہونگے، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی معاونت سے صوبے میں پن بجلی کے منصوبوں، سیمنٹ پلانٹ، پشاور ماڈل ٹائون اور موٹروے پرکرنل شیر سی پیک جیسی عظیم الشان ہائوسنگ سکیموں اور کرک آئل ریفائنری کے منصوبوں پرکام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی نفع بخش منصوبے ہیں جن سے صوبے کو خطیر آمدن شروع ہونی ہے، کم لاگت ہائوسنگ سکیموں کو فلاحی سکیموں کی طرز پر ترقی دینے کی ہدایت بھی کی۔ وہ چیف منسٹر ہائوس پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔