اوکاڑہ ، شیخوپورہ،فیروزوالا ، 2 بچوں سمیت4 افراد ڈوب کر جاں بحق

17 جولائی 2017

اوکاڑہ+ رینالہ خورد + شیخوپورہ+فیرز والا (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) نہر میں نہاتے ہوئے چار بچے ڈوب گئے اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت دو بچوں کو بچا لیا جبکہ دو بچے جاں بحق ہو گئے، گائوں میں کہرام مچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں کے چار دوست نہر گوگیرہ میں پل جوئیہ کے قریب نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے وہاں پر دیگر لوگوں نے بچوں کو ڈوبتے ہوئے دیکھا تو انہوں نے نہر میں بچوں کو بچانے کے لئے چھلانگیں لگا دیں دو بچوں کو بچا لیا گیا جبکہ دو بچے سات سالہ افضل اور چھ سالہ عمیر نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ان کی نعشیںگائوں پہنچیں تو وہاں پر کہرام مچ گیا‘ بچوں کی والدہ اور بہنیں بے ہوش ہوگئیں۔شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گزشتہ روز بھی خان پور نہر میں چک نمبر 213 عارفوالا کا مقامی فیکٹری میں ملازم عباس عمر ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو عملہ نے نوجوان کی نعش کی تلاش شروع کردی ہے۔