نوازشریف فارغ ہونگے، فوجداری مقدمہ چلے گا: جمشید دستی
لاہور، مظفر گڑھ (خصوصی نامہ نگار ، نامہ نگار، آن لائن)رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا۔ انکا استقبال امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ،بلال قدرت بٹ،مجیدغوری اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات پنجاب فاروق چوہان نے کیاجبکہ جمشید دستی نے مقدمے کے خلاف حمایت میں آواز بلند کرنے پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ میاں صاحب نے جے آئی ٹی اور پانامہ کا غصہ مجھ پر نکالا۔نواز شریف کو چیلنج کرتا ہوں جہاں سے الیکشن لڑو گے تمہارا مقابلہ کرونگا۔ میرا ایمان ہے نواز شریف فارغ ہو جائیں گے اسکے بعد فوجداری مقدمہ چلے گا۔وزیراعظم نوازشریف مودی ہیں، میٹرو اور اورنج ٹرین مین اربوں کھا گئے ۔امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا کہ جمشید دستی نے اپنے علاقے میں غریب طبقے کو متحد کرکے جاگیرداروں کے خلاف کلمہ حق بلند کیا ہے۔پوری پاکستانی قوم آزاد عدلیہ اورجے آئی ٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمشید دستی نے اپوزیشن کی قیادت سے روابط کا آغاز کر دیاہے۔ چیئرمین جمشید دستی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور آل پاکستان مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امجد کے علاوہ ق لیگ اور پاکستان عوامی تحریک کی قیادت سے رابطہ کیااور موجودہ سیاسی صورت پر تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات عوامی راج پارٹی رانا امجد علی امجدایڈووکیٹ کے مطابق نواز حکومت کے خلاف بنائے جانے والے اپوزیشن اتحاد کے شانہ بشانہ انکی جماعت کھڑی ہے۔جمشید دستی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اکثر لوگ انہیں اچھوت سمجھتے ہیں، اراکین میرے ساتھ ہاتھ نہیں ملاتے کہیں جراثیم ہی نہ لگ جائیں۔ پیپلزپارٹی کے دور میں کرپشن کی بڑی آفرز آئیں جبکہ آج بھی ایسی آفرز موجود ہیں مجھے کہا گیا کہ آپ وزیر مملکت بناتے ہیں لیکن میں نے انکار کر دیا۔ پھر مجھے کہا گیا کہ آپ غریب آدمی ہیں آپکو سندھ میں شوگر مل کا لائسنس دیتے ہیں جسے بیچ کر آپ اپنے حالات درست کر لیں لیکن میرے ضمیر نے یہ بات گوارا نہیں کی۔