حیدرآباد سے کراچی جانیوالا آئل ٹینکر اُلٹ گیا‘ جائے حادثہ سیل‘ ڈرائیور کو بچا لیا گیا

17 جولائی 2017

حیدرآباد (این این آئی) حیدر آباد میں قومی شاہراہ بھٹ شاہ کے مقام پر 50 ہزار لیٹر فیول سے بھرا آئل ٹینکر الٹ گیا۔ موٹر وے پولیس اور مقامی پولیس نے حادثے کی جگہ سیل کرکے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس نعیم صدیقی کے مطابق قومی شاہراہ پر بھٹ شاہ کے مقام پر آئل ٹینکر الٹ گیا‘ آئل ٹینکر کراچی سے پنجاب جا رہا تھا جس میں ہزاروں لیٹر فیول موجود ہے۔ آئل ٹینکر الٹنے سے ڈرائیور فرنٹ کیبن میں پھنس گیا تھا جسے ریسکیو کر لیا جبکہ آئل ٹینکر الٹنے کے مقام کو سیل کر دیا گیا۔ جائے حادثہ پر موٹر وے پولیس اور مقامی پولیس نے مشینری فائربریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کو طلب کرکے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔