سعودی ولی عہد سے فرانسیسی وزیرخارجہ کی ملاقات :دہشتگردی ودیگر امور پر گفتگو
ریاض(صباح نیوز)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں وائی ویس لی دریان نے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات بڑھانے ، قطر بحران اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ
کوششوں بارے تبادلہ خیال کیا ہے۔ سعودی ولی عہد نے فرانسیسی وزیر خارجہ کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔لی دریان نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی قیادت کے کردار کو سراہا اورقطر اور اس کا بائیکاٹ کرنے والے چاروں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زوردیا۔ عادل الجبیر نے کہا کہ انھوں نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو سعودی مملکت کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت اور مالی معاونت سے انکار کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ قطر کی خلاف ورزیوں سے متعلق ایک مکمل فائل فرانس کو فراہم کریں گے۔قبل ازیں فرانسیسی وزیر خارجہ لی دریان نے دوحہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خلیج بحران کے حل کے لیے کویت کی مصالحانہ کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ فریقین کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ فرانس ان تمام ممالک سے مسئلے کے حل کے لیے بات چیت کررہا ہے۔
سعودی ولی عہد ملاقات