الیکشن کمشن میں آج دانیال عزیز کیخلاف اور کراچی ضمنی انتخاب کے بارے میں 2 درخواستوں کی سماعت ہو گی

17 جولائی 2017

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن میں آج پیر کو اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔ مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت اورکراچی کے حلقے پی ایس114میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست کی بھی سماعت آج ہونا ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری ہونے والی کاز لسٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے خلاف محمود احمد جوئیہ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی جانے والی توہین عدالت درخواست کی سماعت آج ہوگی جس میں الیکشن کمشن کی جانب سے دانیال عزیز کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ کاز لسٹ کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی کے حلقے پی ایس 114میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے دائر کی جانے والی درخواست کی بھی سماعت ہوگی اور پی پی کے کامیاب ہونے والے امیدوار سعید غنی کی جانب سے ان کے وکیل دلائل دیں گے۔ دریں اثناء الیکشن ٹربیونل دو سال گزرنے کے باوجود بلدیاتی انتخابات سے متعلق پندرہ سو سے زائد انتخابی عذرداریوں کا فیصلہ نہ کر سکا۔ ذرائع کے مطابق چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو کئی سالوں کا عرصہ گزر جانے کے باوجود الیکشن ٹریبونلز میں زیر التوا مقدمات ختم نہ ہوسکے چار مہینوں میں تمام انتخابی عذرداریوں کو نمٹانے کا ٹاسک دیا گیا تھا جو پورا نہیں ہو سکا ہے، دوسری جانب انتخابی اصلاحات بھی تاحال اپنی حتمی شکل میں نہ پہنچ سکیں۔ ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے بعد الیکشن تنازعات کے خاتمے کیلئے قائم کئے جانے والے انتخابی ٹریبونلز میں مجموعی طو پر 4238انتخابی عذرداریاں دائر کی گئی جن میں سے اب تک 2698عذرداریوں کو نمٹایا جا سکا جبکہ 1540انتخابی عذرداریاں ابھی تک زیر سماعت ہیں۔